تازہ ترین

دنیا بھر میں یتیم بچوں کی کفالت کرنے والا سعودی شہری

ریاض: مال و دولت خدا کی نعمت ہوتی ہے، کچھ لوگ اسے اپنی ذات پر خرچ کرتے ہیں لیکن کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اپنے مال ومتاع لوگوں کی خدمت میں لٹا دیتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والا ’علی‘ وہ مخیر شخص ہے جو دنیا بھر میں خصوصاً یتیموں کی مدد کے لیے سفر کرتا ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے رقوم کا بندوبست کرتا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی شہری علی سترہ سال کی عمر سے یتیموں کی مدد کے لیے اس کار خیر میں کوشاں ہیں، اور اب تک درجنوں پسماندہ ممالک کا دورہ کرتے ہوئے ہزاروں یتیموں کی مدد کر چکے ہیں۔

انہوں نے عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جب میں نے اپنی جوانی میں بعض افریقی ممالک کے سفر کیے تو وہاں غُربت کی بلند شرح اور لوگوں کا پست معیار زندگی دیکھ کر ہکا بکا رہ گیا، انھیں نہ صرف زندگی کی بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں تھیں بلکہ وہ تعلیم بھی حاصل نہیں کرسکتے تھے۔

سعودی شہری کا کہنا تھا ہم اس وقت دنیا بھر میں اکیس یتیم خانوں میں سات ہزار یتیم اور دو ہزار حاجت مند خاندانوں کی مدد کررہے ہیں لیکن ہمیں اس نیک کام میں کسی سرکاری ادارے کی جانب سے کوئی مدد مہیا نہیں کی گئی۔

علی کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی مجھ پر ایسا وقت بھی آتا کہ میرے پاس پیسے نہیں ہوتے، یتیم خانوں کو چلانے کے لیے قرض کی نوبت بھی آجاتی ہے لیکن میں حوصلہ کبھی نہیں ہارتا، مجھے اس قابل بنانے میں میری بیوی کا اہم کردار ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -