ممبئی: بالآخر بالی وڈ اسٹار ہریتک روشن کی ایکشن سے بھرپور فلم ’وار 2‘ کو سینما گھروں میں ریلیز کرنے کی تاریخ سامنے آگئی۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق فلموں کے بزنس کا تجزیہ کرنے والے ترن آدرش نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ’وار 2‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا۔
ترن آدرش کے مطابق یش راج فلمز نے اعلان کیا ہے کہ ’وار 2‘ سال 2025 میں یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست بروز جمعرات سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ اسپائے یونیورس کی چھٹی فلم ہے، اسے آیان مکھرجی کی ہدایت کاری میں یش راج فلمز نے بنایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ساؤتھ انڈین فلموں کے اسٹار این ٹی آر جونئیر بھی ہریتک روشن کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ وہ اس میں منفی کردار کیلیے کاسٹ کیے گئے ہیں۔
قبل ازیں، ہریتک روشن نے این ٹی آر جونئیر کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا تھا کہ آپ کیلیے ایک خوشگوار دن اور آنے والا ایکشن سے بھرپور سال کی خواہش کرتا ہوں۔
ساؤتھ انڈین اسٹار نے بالی وڈ اداکار کی نیک تمنا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جواب میں لکھا تھا کہ آپ کو بھی دنوں کو گننا شروع کر دینا چاہیے۔
انہوں نے لکھا تھا کہ امید ہے کہ آپ یہ سوچتے ہوئے اچھی طرح سو رہے ہوں گے کہ کیا انتظار کر رہا ہے کیونکہ میں چاہتا ہوں کہ آپ یدھ بھومی پر جلد ہی ملیں گے۔