(16 جولائی 2026): بولی وڈ اداکارہ ہما قریشی کی شادی کے حوالے سے افواہیں زیرِ گردش ہیں، اور ایسے میں ان کے مبینہ بوائے فرینڈ اداکار رچت سنگھ کا بیان سامنے آیا ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار رچت سنگھ کو فلم ’بیبی دو دی دو‘ میں ان کی شاندار اداکاری کیلیے خوب داد مل رہی ہے۔ جہاں ایک طرف فلم کو سراہا جا رہا ہے، وہیں دوسری طرف اداکار اپنی ساتھی اداکارہ ہما قریشی کے ساتھ مبینہ تعلقات کی افواہوں کی وجہ سے بھی سرخیوں میں ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں، رچت سنگھ نے بالاخر اپنی ممکنہ شادی سے متعلق جاری چہ مگوئیوں پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایک فلم نے میری زندگی بدل دی، ہما قریشی
فلم کی ریلیز کے بعد، ہما قریشی نے حال ہی میں انسٹاگرام پر رچت سنگھ کیلیے ایک تعریفی پوسٹ شیئر کی تھی۔ فلم میں اداکارہ نے ایک کانٹریکٹ کلر ’بیبی کرماکر‘ کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ رچت سنگھ ’سدھو‘ کے روپ میں نظر آئے۔
ہما قریشی اور رچت سنگھ کے تعلقات کی افواہیں سب سے پہلے اس وقت شروع ہوئیں جب گلوکارہ اکاسا سنگھ نے ان دونوں کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’ہما، آپ کو اپنی جنت کے اس چھوٹے سے ٹکڑے پر بہت بہت مبارک ہو۔ میری رات بہت شاندار گزری‘۔
ان قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید ہوا ملی جب یہ دونوں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی تقریب میں گلابی رنگ کے میچنگ کپڑے پہن کر ایک ساتھ شریک ہوئے۔ اس کے بعد سے دونوں کو کئی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا، جن میں رچت سنگھ کی سالگرہ کی تقریب بھی شامل ہے۔
حالیہ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ دونوں رواں سال اکتوبر میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم رچت سنگھ نے ہنستے ہوئے ان افواہوں کو یکسر مسترد کر دیا۔


