لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے ایک نامعلوم قومی کرکٹر پر ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے، ذہنی اذیت پہنچانے اور ان کے پیشہ ورانہ کیریئر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے سنگین الزامات عائد کر دیئے ہیں۔
ہما سلیم نے انسٹاگرام اسٹوریز پر جاری کردہ اپنے بیانات میں دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کا متعلقہ کرکٹر سے کوئی رابطہ یا تعلق نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران انہیں بار بار دھمکیاں دی گئیں اور وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق جب بھی وہ اپنے کیریئر پر توجہ مرکوز کرنے اور زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں، انہیں پیچھے دھکیلنے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ وہ سکون سے کام نہ کر سکیں۔
ہما سلیم نے مزید دعویٰ کیا کہ یہ سلسلہ صرف ان تک محدود نہیں رہا بلکہ ان کے خاندان، قریبی دوستوں اور پیشہ ورانہ ساتھیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
View this post on Instagram
ان کا الزام ہے کہ متعلقہ کرکٹر نے شوبز انڈسٹری میں ان کے ساتھ کام کرنے والے لوگوں سے رابطے کر کے ان کی کردار کشی کرنے اور ان کا امیج خراب کرنے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے ان کے بے قصور ساتھیوں کو بھی بلاوجہ ذہنی تناؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
ہما سلیم کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے تک اس معاملے پر خاموش رہیں لیکن اب بات ان کی برداشت سے باہر ہو چکی ہے، اسی لیے انہوں نے قانونی راستہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی قانونی ٹیم مناسب وقت پر تمام حقائق اور ثبوت عدالت یا متعلقہ اداروں کے سامنے پیش کرے گی اور آنے والے دنوں میں اس حوالے سے مزید معلومات شیئر کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا بیانات میں الزامات تو عائد کیے ہیں لیکن تاحال اس کرکٹر کے نام کا انکشاف نہیں کیا اور نہ ہی کوئی ایسا اشارہ دیا جس سے ان کی پہچان ہو سکے۔ دوسری جانب، ابھی تک کسی بھی کرکٹر کی طرف سے ان الزامات پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔


