لاہور : پولیس نے شہریوں کو لوٹنے والے انسانی اسمگلر اور سات جواریوں کو رقم سمیت رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے لاہور نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کے بہانے پیسے لوٹنے والا انسانی اسمگلر گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اشتہاری ملزم رب نواز کا تعلق اوکاڑہ سے ہے ملزم معصوم شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے اور وہاں نوکری لگوانے کا جھانسہ دے کر ان سے لاکھوں روپے بٹور چکا ہے۔
ملزم کے خلاف اس سے پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہیں۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، گرفتار ملزم سے مزید انکشافات متوقع ہیں۔
دوسری جانب لاہورکی وحدت کالونی کے علاقہ میں سی آئی اے پولیس نے چھاپہ مارکر سات جواریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے نقدی برآمد کرلی۔
سی آئی اے پولیس کے مطابق ملزمان سے ایک لاکھ روپے سے زائد کی نقدی اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان میں عارف عرف کاکا ,ظہیر,عاشق اور دیگر شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق سی آئی اے کے سب انسپکٹر مظہر اقبال کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔