فلوریڈا: سمندری طوفان میتھیوز امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا، طوفان کے باعث چار افراد ہلاک ہوئے اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ کیٹگری چار کے سمندری طوفان سے ہیٹی،بہاماس اور کیوبا میں ہلاکتوں کی تعداد آٹھ سو چالیس سے زائد ہوگئی ہے۔
ہیروکین میتھیو ایک سو بیس میل فی گھنٹہ کی رفتار سے فلوریڈا کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا اور اب اس کا رخ جارجیا اور کیرولائنا کی جانب ہے، طوفان کے باعث چار افراد ہلاک ہوئے۔
کیٹگری فور کا یہ سمندری طوفان ہیروکین کیٹرینا سے بھی زیادہ خوفناک قرار دیا جارہا ہے، طوفان سے کیرولائنا اور فلوریڈا کے ساحلی علاقے تیز ہواؤں کی زد میں ہیں جبکہ شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تین لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بدھ سے ہفتے تک ساڑھے چار ہزار پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
طوفان کے پیش نظر ریاست جارجیا کی دونوں بندرگاہیں بند کردی گئیں ہیں، فلوریڈا، جارجیا، شمالی کیرولینا، جنوبی کیرولینا میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔
دوسری جانب ہیٹی میں قیامت ڈھانے والے سمندری طوفان کے باعث ہیٹی، کیوبا اور بہاماس میں ہلاکتوں کی تعداد آٹھ سو چالیس سے تجاوز کرگئی ہے، طوفان “میتھیو” کے باعث بڑے پیمانے پر فصلیں تباہ، درجنوں دیہات کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے ہیں،کئی عمارتیں پانی میں بہہ گئی ہیں اور بعض کی چھتیں اکھڑ گئی ہیں۔
ہیٹی کے شہر جیریمی میں اسی فیصد عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے، ہیٹی کے جنوبی علاقوں کا ریاست کے دیگر حصوں سے زمینی راستہ بھی منقطع ہے، طوفان سے لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔