سانگھڑ: صوبہ سندھ کے شہر سانگھڑ کے علاقے کھڈرو میں واقع گھر میں آگ لگنے سے میاں بیوی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سانگھڑ کے علاقے کھڈرو میں رات گئے مبینہ طور پرجنریٹر سے نکلنے والی چنگاری سے گھر میں آگ لگنے سے میاں بیوی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق گھر میں منگنی کی تقریب جاری تھی کہ لوڈ شیڈنگ کے باعث جنریٹر چل رہا تھا جس سے نکلنے والی چنگاری سے گیس کے پائپ میں آگ لگی پھر وہ آگ کچن تک پھیلی۔
حادثے میں دونوں میاں بیوی ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے بری طرح جھلس گئے جنہیں تشویش ناک حالت میں نواب شاہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں میاں بیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملے۔
پولیس کے مطابق افسوس ناک حادثے میں جاں بحق ہونے والی 50 سالہ خاتون زاہدہ پرائمری اسکول ٹیچر تھی۔ واقعے کے بعد خوشیوں والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔
خیال رہے کہ 3 اپریل کو لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن کی برکت مارکیٹ میں علی الصبح بیکری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں بیکری میں موجود 5 افراد دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گئے تھے۔
کراچی: کورنگی کےگھر میں آتشزدگی‘ میاں بیوی جاں بحق
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 5 اپریل کو کراچی کےعلاقے کورنگی میں واقع گھر میں آگ لگنے سے میاں بیوی جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔