آندھرا پردیش : بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں گھریلو تشدد کا ایک نہایت دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، سفاک شوہر نے بیوی کی ٹانگ کاٹ ڈالی، ملزم کٹی ہوئی ٹانگ بوری میں ڈال کر تھانے پہنچ گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع پالناڈو کے گاؤں میں پیش آیا۔ ملزم کھیتی باڑی جبکہ اس کی بیوی سلائی کا کام کرکے گھر کا خرچ چلاتے تھے۔ جوڑے کی پانچ بیٹیاں ہیں۔
تحقیقات کے مطابق ملزم کو اپنی بیوی کے کردار پر شک تھا، جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔
واقعے کے روز بھی معمولی تکرار نے شدت اختیار کرلی، جس پر ملزم نے غصے میں آ کر گھر میں موجود کلہاڑی سے بیوی پر حملہ کر دیا اور اس کی دائیں ٹانگ کاٹ دی۔
حیران کن طور پر ملزم نے بیوی کی کٹی ہوئی ٹانگ ایک تھیلے میں ڈالی اور قریبی پولیس اسٹیشن جا کر خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔
زخمی خاتون کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد اسے شہر کے بڑے اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق خاتون کی حالت فی الحال خطرے سے باہر ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حراست میں لے لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



