سہارنپور : بھارت میں سفاک شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد اپنے داماد کو فون کرکے کہا کہ میں نے تمہاری ساس کو قتل کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع رام پور کے منی ہارن تھانہ علاقے میں ایک سنسنی خیز قتل کی واردات سامنے آئی ہے جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو تکیے سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا اور پھر اپنے داماد کو فون کرکے اس ہولناک جرم کی اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق واقعہ محلہ محل میں پیش آیا جہاں ملزم سلیم نے اپنی 40 سالہ بیوی شبانہ کو قتل کرنے کے بعد داماد کو فون کرکے کہا کہ "میں نے تمہاری ساس کو قتل کر دیا ہے”۔ اس اطلاع کے بعد خاندان میں کہرام مچ گیا۔
اہل خانہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے تو انہوں نے شبانہ کی لاش گھر کے اندر چارپائی پر پڑی دیکھی، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو چکا تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ شبانہ کی شادی تقریباً 20 سال قبل کیلاش پور گاؤں کے رہائشی سلیم سے ہوئی تھی۔ ابتدائی عرصے میں میاں بیوی کے تعلقات معمول کے مطابق رہے تاہم بعد ازاں سلیم کے رویے میں تبدیلی آ گئی اور وہ مبینہ طور پر شبانہ کو اکثر تشدد کا نشانہ بنانے لگا۔
بعد ازاں شبانہ کے والدین اسے اپنے ساتھ واپس لے آئے اور اس کے تحفظ کے پیش نظر اس کے لیے الگ گھر بھی بنا کردیا، اس کے باوجود ملزم سلیم کی جانب سے ہراسانی کا سلسلہ جاری رہا۔
مقتولہ کے والد انعام کے مطابق ہفتہ کی شب تقریباً ساڑھے بارہ بجے ان کے داماد کا فون آیا جس نے اطلاع دی کہ سلیم نے شبانہ کو قتل کر دیا گیا ہے، اور یہ بات ملزم نے خود فون پر بتائی تھی۔
اطلاع ملتے ہی اہل خانہ گھر پہنچے تو شبانہ کو مردہ حالت میں پایا، جبکہ ملزم پہلے ہی فرار ہو چکا تھا۔
مقامی پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور ملزم کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
پولیس قریبی علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا بھی جائزہ لے رہی ہے اور واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



