دوسری شادی کا راز افشا ہونے پر شوہر کا بھائیوں سمیت پہلی بیوی پر بدترین تشدد

لودھراں : دوسری شادی کا بھانڈا پھوٹنے پر سفاک شوہر نے بھائیوں کے ہمراہ پہلی بیوی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
دوسری شادی کا راز افشاں ہونے پر پنجاب کے شہر لودھراں میں تشدد کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں شوہر نے سگے بھائیوں کے ہمراہ بیوی کو بری طرح پیٹا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شوہر نے دوسری شادی کر رکھی ہے، اس بات کا علم پہلی بیوی کو ہوا تو شوہر نے اپنے بھائیوں کے ساتھ ملکر پہلی بیوی کو خوب مارا اور دوران تشدد خاتون کے کپڑے تک پھاڑ دئیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون حاملہ تھی جسے چھت پر گھسیٹنے اور چھت سے نیچے پھینکنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے۔
ڈی پی او عبدالرؤف بابر نے شوہر کی سفاکیت کی ویڈیو وائرل ہونے پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا۔
دوسری جانب متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ پولیس نے درخواست وصول کرنے کے دو دن بعد تک کوئی کارروائی نہیں کی، خاتون نے الزام لگایا کہ پولیس نے رشوت لیکر ملوث ملزمان کو چھوڑ دیا۔