اسلام آباد (20 فروری 2026): وزیر اعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ڈیل آفر کی گئی ہے اور نہ کوئی کر سکتا ہے۔
حذیفہ رحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قانون کے مطابق سزا یافتہ شخص کو ریلیف عدالت ہی دے سکتی ہے، ڈیل کی بات کہیں سے بھی ہو بے معنی ہے، جب ڈیل سے کچھ نہیں سکتا تو کوئی ڈیل کی آفر کیوں دے گا؟
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان کو نہیں بلکہ پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی، مذاکرات کا مقصد بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں، پچھلے مذاکرات میں پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعظم کی رہائی کا مطالبہ ہی نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کیساتھ کوئی ڈیل یا ڈھیل نہیں ہو رہی ہے، خواجہ آصف
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے اعلان کردہ عمران خان رہائی فورس کے بارے میں حذیفہ رحمان نے کہا کہ فورس کے نام پر جتھوں کی صورت میں حملے کی اجازت کسی کو نہیں، کیا بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلیے بنی فورس جیل پر حملہ کر کے رہا کروائے گی؟
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان رہائی فورس کا مطلب مسلح جدوجہد ہے تو ریاست آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی، 8 فروری کو کے پی کے عوام نے بھی شٹر ڈاؤن کو مسترد کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


