حیدرآباد : بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف جیالے سڑکوں پرنکل آئے

حیدرآباد : بجلی کی طویل بندش کے خلاف پیپلز پارٹی کی جانب سے سپر ہائی وے حیدرآباد پر جاری دھرنا حیسکو چیف سے کامیاب مذاکرات کے بعد بعد ختم کردیا گیا ،مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت میں جیالوں سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرے کے باعث سپر ہائی وے پر سات گھنٹے تک اندرون ملک چلنے والے ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے حیدرآباد بائی پاس پر جاری دھرنے میں پارٹی کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی، دھرنے کے دوران کارکنان نے حیسکو اور وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
دھرنے کے باعث سپر ہائی وے پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی کئی کلو میٹر طویل قطاریں لگ گیئں۔
دھرنے میں شریک پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤ ں کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ ماہ سے حیدرآباد اور اندرون سندھ میں بجلی کی طویل بندش اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سا منا کرنا پڑ رہا ہے اورعوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں اور حیسکو چیف کے مابین کمشنر ہاؤس میں مذاکرات کئے گئے، مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد دھرنا پر امن طو رپرختم کردیا گیا اور مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے جس کے بعد سپر ہائی وے پر ٹریفک بھی بحا ل ہوگئی۔