حیدر آباد (23 نومبر 2025): ایدھی کی جانب سے مریض کو صاف اور نئے کپڑے پہنائے جانے کے بعد حیدر آباد کے سول اسپتال کے بے حس ڈاکٹروں نے مریض کا علاج شروع کر دیا۔
سول اسپتال حیدرآباد میں ڈاکٹرز کی بے حسی کی وجہ سے بدبو آنے پر مریض کے علاج سے انکار کر دیا گیا تھا، اے آر وائی نیوز نے معاملہ اٹھایا تو خبر نشر ہونے کے بعد اسپتال انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔
ایدھی حیدر آباد کے انچارج معراج نے بتایا کہ مریض کو 4 سے 5 گھنٹے بعد علاج کے لیے ایڈمٹ کر لیا گیا ہے، متاثرہ مریض کو نہلا کر اچھے کپڑے پہنا دیے گئے ہیں، جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے لاوارث مریض کا علاج شروع کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہٹڑی تھانے کی حدود سے ملنے والے لاوارث مریض کو ایمبولینس میں لایا گیا تھا، ایمبولینس ڈرائیور کا کہنا تھا کہ مریض کے منہ سے مسلسل خون آ رہا تھا اور صورت حال نازک تھی، ڈاکٹرز سے کہا کہ مریض کو نہلا کر کپڑے پہنوا دیتے ہیں، آپ علاج شروع کریں، تاہم ڈاکٹرز نے مریض کو وارڈ میں لینے ہی سے انکار کر دیا۔
عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ مريض 4 گھنٹے سے اسپتال کے گیٹ پر فرش پر تڑپتا رہا، کسی ڈاکٹر نے اس کی حالت دیکھنے کی زحمت تک نہیں کی۔


