حیدرآباد (07 جنوری 2026): بھارتی شہر حیدر آباد میں کروز کے ذریعے سمندر کی سیر کا ارمان ارمان ہی رہ گیا، اور ایک شہری کو آن لائن ٹھگوں نے بری طرح لوٹ لیا۔
سیر و تفریح کے شوق میں آن لائن کروز ٹرپ بک کروانے والے ایک شہری کو سائبر فراڈ کا نشانہ بنا کر دو لاکھ سے زائد روپے ہڑپ کر لیے گئے۔
کاچی گوڑہ کے رہائشی متاثرہ شخص کی سائبر کرائم پولیس کے پاس درج شکایت کے مطابق 26 دسمبر 2025 کو گوگل پر سرچ کے دوران اس کو ایک ویب سائٹ نظر آئی، جس پر کوچی، لکشدیپ اور ممبئی کے لیے کروز سفر کی پیش کش کی جا رہی تھی۔ ویب سائٹ کو مستند سمجھتے ہوئے اس نے چار افراد کے لیے بکنگ کروائی اور ابتدائی طور پر 23 ہزار 680 روپے ادا کر دیے۔
تاہم ایک ہی ٹرانزیکشن میں رقم منتقل نہ ہونے کا بہانہ بنا کر سائبر کرمنلز نے اسے متعدد اقساط میں ادائیگی کی ہدایت کر دی۔ بعد ازاں لکشدیپ پرمٹ لیٹر کے حصول اور دو بچوں کے اضافی چارجز کے نام پر مختلف اقساط میں مزید رقم وصول کی گئی۔
کینیڈا کا ویزا فری انٹری کا اعلان! ممالک کی فہرست سامنے آگئی
اس پر ہی بس نہ ہوا، بلکہ ملزمان تکنیکی خرابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے اور چیک آؤٹ کے وقت تمام رقم واپس کرنے کا یقین دلا کر شہری سے مسلسل پیسے لیتے رہے۔ کچھ عرصے بعد انھوں نے ادائیگی ناکام ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا اور بغیر کسی معقول وجہ کے بکنگ منسوخ کر دی۔
اس کے بعد ملزمان نے بکنگ منسوخی کے نام پر مزید 48 ہزار 500 روپے طلب کیے اور مکمل رقم کی واپسی کا وعدہ کیا۔ متاثرہ شخص سے واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کرنے والے افراد نے خود کو کورڈیلیا کروز کے کسٹمر کیئر ایگزیکٹو ظاہر کیا۔
شہری کے مطابق مجموعی طور پر اس سے 2 لاکھ 42,488 روپے لوٹے گئے، پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔


