جمعہ, اپریل 17, 2026
اشتہار

سی سی ٹی وی نے راز کھول دیا، مریض کے زیورات ڈاکٹر بن کر آنے والی خاتون نے چرائے

اشتہار

حیرت انگیز

حیدر آباد (15 مارچ 2026): بھارتی شہر حیدرآباد کے ایک معروف ملٹی اسپیشلٹی اسپتال میں چوری کا ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے ڈاکٹر کا روپ دھار کر اسپتال میں داخل ہو کر مریض کے سونے کے زیورات چرا لیے اور فرار ہو گئی۔

اس واقعے کا پتا اس وقت چلا جب اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد پولیس نے ملزمہ کی تلاش شروع کر دی۔ رپورٹس کے مطابق مذکورہ خاتون سفید ڈاکٹر کوٹ پہن کر اسپتال پہنچی تھی، اور داخلی دروازے پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے ڈاکٹر سمجھ کر بغیر کسی تصدیق کے اندر جانے دیا تھا۔

سی سی ٹی وی کیمروں میں وہ اسپتال کی مختلف راہداریوں میں گھومتی ہوئی دکھائی دی، تاہم کسی نے اس سے پوچھ گچھ نہیں کی کیوں کہ سب اسے عملے کا حصہ سمجھ رہے تھے۔

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ خاتون پہلے نرسنگ روم میں گئی، جہاں سے اس نے چند انجکشن اور طبی سامان اٹھایا تاکہ اس کی موجودگی زیادہ حقیقی محسوس ہو۔ اس کے بعد وہ ایک مریض کے کمرے میں داخل ہوئی اور وہاں موجود سونے کے زیورات لے کر چپکے سے نکل گئی، جب کہ عملے کو اس کی سرگرمیوں پر کوئی شبہ نہیں ہوا۔

چوری کی واردات کے بعد خاتون خاموشی سے اسپتال سے باہر چلی گئی۔ بعد ازاں جب واقعہ سامنے آیا تو اسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمہ ڈاکٹر کا کوٹ پہن کر اسپتال میں داخل ہوئی اور کافی دیر تک بغیر کسی رکاوٹ کے اندر گھومتی رہی۔ پولیس سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی مدد سے اس کی شناخت معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں