ہفتہ, مارچ 15, 2025
اشتہار

قطر میں ہوئے فٹبال ورلڈ کپ کی دھوم کم نہ ہوئی، مزید کئی ریکارڈز نام

اشتہار

حیرت انگیز

قطر میں گزشتہ ماہ اختتام پذیر ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کا فائنل تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھے جانے والا میچ بن گیا جس کو ڈیڑھ ارب افراد نے دیکھا۔

قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کو ختم ہوئے ایک ماہ سے زائد ہوچکا ہے۔ سال بھی بدل چکا ہے لیکن عرب ملک میں ہونے والے اس عالمی کپ کی پذیرائی اور گونج اب تک کم نہیں ہوسکی ہے۔ فیفا پہلے ہی اس ورلڈ کپ کو رواں صدی کا سب سے بہترین عالمی کپ ہونے کا اعزاز دے چکی ہے۔ اب ایک اور اعزاز اس کے نام ہوچکا ہے۔

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے کہا ہے کہ گزشتہ سال دسمبر 2022 میں قطر میں کھیلے گئے فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل کو دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب افراد نے براہ راست دیکھا۔

فیفا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر میں گزشتہ سال کے آخر میں ہونے والے فٹبال کے عالمی ایونٹ سے 5 ارب سے زائد شائقین جڑے رہے۔ 18 دسمبر کو شیڈول قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان فائنل اسٹیڈیم میں 88 ہزار 966 افراد نے دیکھا جبکہ دنیا بھر سے 1.5 بلین یعنی (ڈیڑھ ارب) افراد نے لائیو اسٹریمنگ اور ٹی وی کے ذریعے میچ دیکھا۔

صرف فائنل ہی نہیں پورا ٹورنامنٹ ہی شائقین فٹبال کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوران اسٹیڈیم میں 3.4 ملین یعنی (34 لاکھ) افراد نے دیکھا۔ سال 2018 میں یہ تعداد 3 ملین ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 172 گولز ہوئے جس نے 1998 اور 2014 میں 171 گولز ہونے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: قطر فٹبال ورلڈ کپ 21 ویں صدی کا بہترین عالمی کپ بن گیا

واضح رہے کہ فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹینا نے دفاعی چیمپئن کو سنسنی خیز میچ کے بعد پینلٹیز میں چار کے مقابلے میں دو گولز سے شکست دے کر 36 سال بعد عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں