ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل سے قبل محمد رضوان کا علاج کرنے والے بھارتی ڈاکٹر کا بیان سامنے آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا علاج کرنے والے بھارتی ڈاکٹر سہیر نے کہا کہ محمد رضوان کو سانس لینے میں شدید مسئلہ تھا، ان کا اتنا جلدی صحت یاب ہونا معجزے سے کم نہیں۔
ڈاکٹر سہیر نے کہا کہ وہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں بھی یہی کہہ رہے تھے کہ انہیں کھیلنا ہے اور ٹیم کے ساتھ رہنا ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر نے علاج کرنے والے ڈاکٹر کو اپنی آٹو گراف والی شرٹ تحفے میں دی۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ فوج اور ہمارا کام ایک جیسا ہے، ملک کے لیے ہر وقت حاضر ہیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سیمی فائنل سے قبل محمد رضوان سینے میں تکلیف کی وجہ سے دو دن اسپتال میں زیرعلاج تھے۔
محمد رضوان نے بیماری کے باوجود آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل کھیلا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تھی۔
ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ محمد رضوان نے کہا جان بھی چلی جائے کھیلوں گا کیونکہ یہ اعزاز ہے، رضوان کاجذبہ دیکھ کرانہیں میدان میں اتارا گیا تھا۔