تازہ ترین

بھارتی پولیس کی ہراسانی سے تنگ مسلمان خاندان نے خودکشی کرلی

نئی دہلی: بھارت میں پولیس کے مسلسل چوری کے الزام اور ہراساں کیے جانے سے تنگ مسلمان خاندان نے ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں مسلم خاندان نے بھارتی پولیس کی ہراسانی سے تنگ آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

ضلع کرنول کے علاقے نندیال کے رہائشی 42 سالہ عبدالسلام، ان کی 36 سالہ بیوی نور جہاں، 14 سالہ بیٹی سلمیٰ اور 10 سالہ بیٹے قلندر نے گذشتہ ہفتے ایک سیلفی ویڈیو ریکارڈ کرنے کے بعد ایک چلتی مال بردار ریل گاڑی کے آگے چھلانگ لگا کر خودکشی کی۔

مسلم خاندان کے سرپرست شیخ عبدالسلام نے خودکشی سے پہلے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’چوری کے الزامات سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے، ہم نے کوئی غلطی نہیں کی، ہمارا کوئی مددگار نہیں، ہمیں ہراساں کیا جارہا ہے جسے برداشت نہیں کرسکتا، اس لیے خاندان سمیت خودکشی کررہا ہوں۔‘

رپورٹ کے مطابق شیخ عبدالسلام کے خاندان میں چار افراد تھے، واقعے کے بعد تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے دیا گیا تاہم اب تک ہراساں کرنے والے پولیس اہلکاروں کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔

آندھرا پردیش میں مسلمانوں کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیم ’اقلیتی حقوق تنظیم برائے تحفظ‘ کے صدر فاروق شبلی محمد نے کہا کہ عبدالسلام کا خاندان آندھرا پردیش میں ظلم و بربریت کی بھینٹ چڑھنے والا پہلا اور آخری کنبہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا یہاں مسلمانوں کے خلاف اب تک ظلم و بربریت کے کئی واقعات پیش آئے ہیں، میں آپ کو ایسے دس واقعات کی تفصیلات فراہم کر سکتا ہوں، ہم ایسے واقعات کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -