تازہ ترین

نبیﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف مہم کو لیڈ کروں گا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نبیﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف مہم کو لیڈ کروں گا، ہم اس معاملے پر تمام عالمی فورمز پر بات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا رحمت اللعالمینﷺقومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نبیﷺ کی شان میں بار بار گستاخی ہونا مسلمان لیڈر شپ کی ناکامی ہے، نبیﷺ کی بےحرمتی کے آگے کوئی بھی تکلیف معنی نہیں رکھتی، اسلاموفوبیا کی وجہ سے مغربی ممالک میں مقیم مسلمانوں کو تکلیف ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھی آزادی اظہار پر یقین رکھتے ہیں مگر اس کی ایک حد ہوتی ہے، نبیﷺ کی شان میں گستاخی کرکے سوا ارب مسلمانوں کو جان بوجھ کر تکلیف پہنچائی جاتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اوآئی سی ہیڈز آف اسٹیٹ کردار ادا نہیں کریں گے تو اسلاموفوبیا بڑھتا جائے گا، جب تک اسلاموفوبیا کی بیماری کاتدارک نہیں کریں گے، تو یہ بڑھتی جائےگی، مغربی ممالک کو ہماری نبیﷺ سے محبت کی سمجھ نہیں آسکتی، مغربی ممالک میں ایسی فلمیں بنائی گئیں جس میں بےحرمتی کی گئی۔

عمران خان نے خطاب میں کہا کہ مغربی ممالک میں ایک چھوٹا سا طبقہ اسلام کے خلاف ہے، ہم تمام انبیا کا نام ادب سے لیتے ہیں مگر مغرب میں ایسا نہیں ہوتا تھا، جعلی کارٹون جان بوجھ کر بناتے ہیں انہیں معلوم ہے مسلمانوں کا ردعمل آئے گا، میں سمجھتا ہوں کسی چیز سے انسانوں کو تکلیف ہوتی ہے تو وہ نہیں کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نبیﷺ سے زیادہ کامیاب انسان دنیا میں کوئی نہیں آیا اور نہ آئے گا، طالبعلم جتنی تعلیم حاصل کریں گے اتنے باشعور ہوں گے، اسلاموفوبیا مغرب میں بڑھ رہا ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک خاص مقصد کے لیے بنا ہے، مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر پاکستان کو ایک ریاست بنانا ہے، بدقسمتی سے ہم مدینہ کی ریاست کے اصولوں سے دور چلے گئے ہیں، یہ مشکل راستہ ہے مگر جیسے ہی ہم اس پر چلیں گے پاکستان مزید اوپر اٹھتا چلا جائے گا۔

Comments

- Advertisement -