ڈھاکا (29 جنوری 2026): ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کرنے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی پر ایک اور الزام عائد کیا ہے۔
سیکیورٹی خدشات کے باعث بنگلہ دیش بورڈ کی جانب سے اپنی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے پر آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے خدشات دور کرنے کے بجائے چند روز قبل اس کو میگا ایونٹ سے ہی باہر کر دیا۔
اب آئی سی سی کا بنگلہ دیش کے خلاف ایک اور کارروائی کا انکشاف ہوا ہے اور بنگلہ دیشی بورڈ نے آئی سی سی پر انڈر 19 ورلڈ کپ میں ان کی ٹیم سے غیر منصفانہ رویہ برتنے کا الزام عائد کیا ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق بی سی بی نے ذاتی خرچے پر اپنی جونیئر ٹیم کو انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے زمبابوے بھیجنے کا انکشاف کیا ہے اور ٹیم کے میگا ایونٹ میں پرفارم نہ کرنے کی وجہ بھی ٹورنامنٹ کے پیچیدہ شیڈول کو قرار دیا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے گیم ڈیولپمنٹ کو آرڈینیٹر حبیب البشر کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے اچانک ہمارے دو میچز کا شیڈول تبدیل کیا۔ ہم نے آفیشلی شکایت بھی کی لیکن سنی نہ گئی۔۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے دوران آئی سی سی نے ڈومیسٹک فلائٹس منع کی تھیں۔ اس لیے ٹیم کو بس میں سفر کرنا پڑا۔ بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچز کی اہمیت دیکھتے ہوئے اپنے خرچ پر بنگلہ دیشی ٹیم کے ہوائی سفر کا انتظام کیا۔
’’پاکستان کے بائیکاٹ کا خوف‘‘ آئی سی سی کا بنگلہ دیش کو تیار رہنے کا حکم، بھارتی میڈیا
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


