جمعرات, فروری 20, 2025
اشتہار

ورلڈ کپ 2019، سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 23 رنز سے شکست دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

چیسٹرلی اسٹریٹ: ورلڈ کپ 2019 کے اہم میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 23 رنز سے شکست دے دی، نکولس پورن کی سنچری بھی ویسٹ انڈیز کو شکست سے نہ بچاسکی۔

تفصیلات کے مطابق چیسٹرلی میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا کی جانب سے دئیے جانے والے 339 رنز ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بناسکی، اویشکا فرنینڈو کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب سنیل ایمبرس 5 رنز بنا کر ملنگا کا شکار بنے، کرس گیل 35 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شائے ہوپ بھی 5 رنز پر ہمت ہار گئے۔

ہیٹ مائر کو 29 رنز پر ڈی سلوا نے رن آؤٹ کیا، نکولس پورن کی 118 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آسکی، جیسن ہولڈر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بریتھ ویت 8 جبکہ ایلن نے 51 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، تھامس ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، کوٹریل 7 اور گیبریل 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کے لیستھ ملنگا نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، راجیتا اور میتھیوز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل چیسٹرلی اسٹریٹ میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 339 رنز کا ہدف دے دیا تھا، جیسن ہولڈر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، سری لنکا کے اوپنر نے شاندار آغاز فراہم کیا اور ان کی پہلی 93 رنز پر گری جب کرونا رتنے 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کسل پریرا نے 64 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، مینڈس 39 رنز بنا کر ایلن کا شکار بنے، اویشکا فرنینڈو نے 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں کوٹریل نے آؤٹ کیا۔

 میتھیوز 26 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ادانا کو 3 رنز پراوشین تھامس نے جیسن ہولڈر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، لہیرو تھریمانے نے 45 رنز بنا کا ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے دو شکار کیے، شیلڈرون کوٹریل، اوشین تھامس اور ایلن کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں آج سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں جو چیسٹرلی اسٹریٹ کے میدان میں کھیلا جارہا ہے۔

سری لنکا کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں 7 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے انہیں 2 میچز میں کامیابی اور 3 میں ناکامی ملی، 2 میچز بارش کی نذر ہوگئے۔ پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔

سری لنکا کے پاس سیمی فائنل کھیلنے کا اب بھی موقع ہے، شکست کی صورت میں ان کا ورلڈ کپ میں سفر ختم ہوجائے گا اور جیت کی صورت میں دیگر ٹیموں پر انحصار کے ساتھ اسے بھارت کے خلاف آخری میچ بھی لازمی جیتنا ہوگا۔

دوسری طرف ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی میگا ایونٹ میں اب تک سات میچز کھیل چکی ہے، جس میں سے انہیں 1 میچ میں کامیابی اور 5 میں ناکامی ملی۔ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ اس طرح ویسٹ انڈیز ٹیم 3 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر نویں نمبر پر ہے جبکہ اس کا سیمی فائنل کھیلنے کا کوئی امکان موجود نہیں۔

اب تک مجموعی طور پر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 56 ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے ویسٹ انڈیز نے 28 اور سری لنکا نے 25 میچز میں کامیابی حاصل کی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں