جمعہ, دسمبر 5, 2025
اشتہار

بابر اعظم کو آئی سی سی کا خراج تحسین

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (12 نومبر 2025): پاکستان کرکٹ ٹیم کے ریکارڈ ساز بلے باز بابر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے خراج تحسین پیش کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کئی اہم ملکی اور عالمی ریکارڈ کے حامل بیٹر بابر اعظم جو طویل عرصہ سے آؤٹ آف فارم ہیں اور ان کا بلے سے ماضی قریب کی طرح رنز کا سیلاب نہیں بہہ رہا۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بابر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ تاہم یہ خراج تحسین انہیں کسی بیٹنگ کارنامہ پر نہیں بلکہ گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں ناقابل یقین کیچ لینے پر پیش کیا گیا ہے۔

تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے گزشتہ روز پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں بابر اعظم نے فرسٹ سلپ میں حارث رؤف کی گیند پر ہوا میں اڑتے ہوئے سدیرا سماراوکرما کا انتہائی مشکل کیچ ایک ہاتھ سے تھام سری لنکن ٹیم کے جیت کی جانب بڑھتے قدم روکے۔

 

یہ ناقابل یقین کیچ دیکھ کر نہ صرف گراؤنڈ میں موجود سری لنکن بیٹرز بلکہ خود بولر اور پاکستانی فیلڈرز بھی حیران رہ گئے۔ شائقین کرکٹ نے بھی ان کی خوب پذیرائی کی اور میڈیا میں ان کے اس کیچ کے بہت چرچے ہوئے۔

صرف شائقین کرکٹ نے ہی نہیں بلکہ آئی سی سی نے بھی بابر اعظم کے اس لاجواب اور یادگار کیچ کی خوب پذیرائی کی اور اس کے ساتھ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے قومی کرکٹر کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں لیے گئے ایک اور شاندار کیچ کی ویڈیو شیئر کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اس ویڈیو میں بابر اعظم عین گزشتہ روز کے میچ کی طرح فرسٹ سلپ میں فضا میں عقاب کی طرح اڑتے ہوئے ایک ہاتھ سے کیچ لیتے ہیں۔ تاہم فرق ٹیم اور بولر کا تھا۔ اُس وقت بولر شاداب خان جب کہ بیٹر زمبابوے سے تعلق رکھتے تھے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں