لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک کا کہنا ہے کہ پی سی بی جو سوال کرے گا اس کا جواب دوں گا، انصاف نہیں ملا تو چیف جسٹس اور وزیراعظم عمران خان کے پاس اپنی گزارش لے کر جاؤں گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پی سی بی کی جانب سے کوئی خط موصول نہیں ہوا، اپنا کیس لڑ رہا ہوں، کسی کے خلاف نہیں ہوں۔
سلیم ملک نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں نوکری چاہتا ہوں میں صرف انصاف کا متمنی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مداحوں سے معافی مانگی ہے مگر یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ جیسے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت طلب کی ہے، ایسا نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: سلیم ملک کا پی سی بی سے کوچنگ کی اجازت دینے کا مطالبہ
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ 2011 میں پی سی بی کی جانب سے کوئی سوال نامہ نہیں ملا، اب دوبارہ بورڈ سے رابطہ کرکے سوالنامہ مانگا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سلیم ملک کا کہنا تھا کہ کئی کھلاڑیوں کو فکسنگ کی سزا کے بعد کھیلنے یا کوچنگ کا موقع ملا مجھے بھی کوچنگ کا اختیار دیا جائے۔
یاد رہے کہ سلیم ملک پر 2000 میں میچ فکسنگ انکوائری کے بعد تاحیات پابندی لگائی گئی تھی جسے سیشن کورٹ نے آٹھ سال بعد ختم کردیا تھا۔
سابق کرکٹرز انضمام الحق، ثقلین مشتاق اور راشد لطیف نے مطالبہ کیا تھا کہ سلیم ملک کو دوسرا موقع ملنا چاہئے۔