دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ قوانین میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے زمبابوے کی بین الاقوامی کرکٹ رکنیت معطل کردی۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس ہوا جس میں کرکٹ کے حوالے سے نئے قوانین پر غور کیا گیا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اہم اجلاس کے بعد کرکٹ قوانین میں چند اہم اور بڑی تبدیلیاں کیں گئیں جن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
آئی سی سی اعلامیے کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ کے دوران سلو اوور ریٹ پر کپتان کو معطل یا صرف اُسی پر جرمانہ نہیں کیا جائے گا بلکہ ٹیم کے ہر کھلاڑی پر یکساں جرمانہ ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق میچ کے دوران سر پر گیند لگنے سے زخمی اور چکر آنے والے کھلاڑی کو تبدیل کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ ٹیسٹ میچ کے دوران سلو اوور ریٹ پر ٹیم کے 2 پوائنٹس بھی کاٹے جائیں گے۔
انٹرنیشنل کونسل نے زمبابوےکی بین الاقوامی کرکٹ سے رکنیت ختم کرتے ہوئے زمبابوے کی حکومت کو کرکٹ بورڈ کے معطل ارکان کو فوری بحال کرنے کا حکم دیا اور اعلان کیا کہ اب زمبابوے کو کسی قسم کی کوئی فنڈنگ نہیں دی جائے گی۔
آئی سی سی نے کروشیااور زیمبیا کی رکنیت بھی قوانین کی پابندی نہ کرنے پرمعطل کی اور وضاحت کی کہ انٹرنیشنل کرکٹ قوانین کے تحت کسی بھی ملک کو مداخلت کی اجازت نہیں ہے۔