لاہور (یکم فروری 2026): آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ پاکستان کرکٹ ٹیم شرکت کرے گی یا نہیں فیصلہ آج متوقع ہے پلان بی بھی تیار کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے بنگلہ دیش کو متنازع انداز میں باہر کیے جانے کے بعد پاکستان ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی یا نہیں؟ اس کا فیصلہ آج متوقع ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی آج شام وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے اور اس ملاقات میں اس حوالے سے فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔
پی سی بی نے گزشتہ روز پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ آفیشل کٹ کی شیڈول رونمائی بھی روک دی تھی، اب کٹ کی رونمائی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے شرکت سے متعلق فیصلہ ہونے کے بعد کی جائے گی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اگر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ ہوتا ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس کے متبادل پلان بی بھی تیار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے میگا ایونٹ کے بائیکاٹ کی صورت میں شاہینز اور انڈر 19 ٹیم کو چار ٹیموں میں تقسیم کر کے لاہور میں ٹورنامنٹ کرایا جائے گا۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جا رہا ہے اور گرین شرٹس اپنے تمام میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت سری لنکا میں کھیلیں گے۔
تاہم بنگلہ دیش کے سیکیورٹی خدشات کی بنا کر ٹیم بھارت نہ بھیجنے اور اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کو آئی سی سی کی جانب سے مسترد کر کے غیر منصفانہ طور پر بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کر کے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کے فیصلے کی پاکستان کرکٹ بورڈ نے شدید مذمت کرتے ہوئے بی سی بی سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔


