لاہور (23 جنوری 2026): ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا انتخاب سلیکشن منیجمنٹ کیلیے چیلنج بن گیا ممکنہ اسکواڈ کے نام بھی سامنے آ گئے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز اگلے ماہ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے۔ میگا ایونٹ میں 2 ہفتے باقی رہ گئے ہیں تاہم پاکستانی اسکواڈ اب تک فائنل نہیں ہوسکا ہے۔
ورلڈ کپ کے لیے ممکنہ پاکستانی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام تو سامنے آئے ہیں تاہم اس کے ساتھ کچھ کھلاڑیوں کی سلیکشن منیجمنٹ کے لیے چیلنج بن گئی ہے۔
عالمی کپ میں وکٹ کیپر کی سلیکشن پر سب سے بڑا سوال ہے۔ عثمان خان اب تک کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں جب کہ خواجہ نافع نے ابھی صرف ایک ہی انٹرنیشنل میچ کھیلا ہے۔
بگ بیش لیگ میں بابر اعظم کی مایوس کن پرفارمنس نے بھی سلیکٹرز کیلیے مشکلات بڑھا دی ہیں۔ اسٹار بیٹر کی موجودہ فارم ان کی سلیکشن کا ساتھ نہیں دے رہی ہے۔
انجری سے واپسی پر آل راؤنڈر شاداب خان نے کم بیک کیا اور بگ بیش لیگ میں قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس لیے ان کی سلیکشن یقینی ہے۔
ون ڈے ٹیم کے کپتان قومی پیسر شاہین شاہ آفریدی جو بگ بیش لیگ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔ وہ لاہور میں ری ہیب کے بعد فٹ ہو گئے ہیں اور وہ بھی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ تاہم حارث رؤف کی شمولیت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
فاسٹ بولنگ کے شعبے میں وسیم جونئیر، سلمان مرزا اور فہیم اشرف میں مقابلہ ہے، جب کہ اسپن میں ابرار احمد، محمد نواز اور عثمان طارق کا آپشن ہوگا۔
کپتان اور سلیکٹرز مشاورت کر رہے ہیں اور آسٹریلیا سیریز کے دوران ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے۔؎
دوسری جانب ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے جو ممکنہ پاکستانی اسکواڈ سامنے آیا ہے۔ اس میں محمد رضوان اور حارث رؤف کا نام شامل نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا، بابر اعظم، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد نواز، ابرار احمد شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سیریز 29 جنوری سے لاہور میں کھیلی جائے گی۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، سینئر کھلاڑی کی واپسی
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


