جمعہ, فروری 13, 2026
اشتہار

آئی سی سی T20 ورلڈ کپ: پاکستانی اسکواڈ کن کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا؟

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور (15 جنوری 2026): آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا میلہ اگلے ماہ سے سجے گا ٹورنامنٹ میں پاکستانی اسکواڈ کا ممکنہ نقشہ سامنے آ گیا۔

آئی سی سی ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کے آغاز میں اب ایک ماہ سے بھی کم عرصہ رہ گیا ہے۔ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہونے والے میگا ایونٹ میں شریک 20 ٹیموں میں سے 15 کے قریب ٹیمیں اپنے اسکواڈز کا اعلان کر چکی ہیں۔

پاکستان ان ممالک میں شامل ہے، جس نے تاحال اپنے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کون جائے گا؟ اسکواڈ میں کون جگہ بنا پائے گا اور کون محروم رہے گا۔ پاکستانی شائقین کرکٹ یہ سب جاننے کے بے تابی سے منتظر ہیں۔

ورلڈ کپ سے قبل پاکستان نے 29 جنوری سے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز بھی کھیلنی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک آسٹریلیا اور ورلڈ کپ کے لیے ایک ہی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا اور باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔

مذکورہ سیریز اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کن کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، اس کے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آ گئے ہیں۔ کئی نامور کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں گے جب کہ کئی پر ٹیم کے دروازے نہیں کھولے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز نہ کھیلے والے بابر اعظم، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کی واپسی ہوگی۔ بابر اور حارث بگ بیش میں کھیل رہے ہیں جب کہ شاہین شاہ بی بی ایل کے ایک میچ میں زخمی ہونے کے بعد لاہور میں اپنا ری ہیب مکمل کر رہے ہیں۔

کپتان سلمان علی آغا کے علاوہ صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، عثمان خان بیٹنگ لائن کو مضبوط کریں گے۔ سابق کپتان محمد رضوان اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ تاہم خواجہ نافع کو بیک اپ وکٹ کیپر کے طور پر منتخب کیا جا سکتا ہے۔

آل راؤنڈرز میں شاداب خان طویل عرصہ بعد قومی ٹیم میں واپسی کریں گے جب کہ فہیم اشرف اور محمد نواز ان کے ساتھ یہ شعبہ پُر کریں گے۔

اسپنرز میں ابرار احمد اور عثمان طارق کو جگہ دی جائے گی۔ فاسٹ بولرز میں نسیم شاہ کی شمولیت کا بھی قوی امکان ہے۔ تاہم سلمان مرزا اور وسیم جونیئر حتمی 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ پاکستانی اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہوگا۔ میگا ایونٹ میں شریک 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

سپر ایٹ مرحلے کی چار ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ میگا ایونٹ کا فائنل میچ 8 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان اپنا پہلا میچ 7 فروری کو کولمبو میں نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ گرین شرٹس معاہدے کے تحت اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلیں گے۔ ناک آؤٹ مرحلے میں جانے کی صورت میں یہ میچز بھی سری لنکا میں ہی ہوں گے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کی جانب سے ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر قائم رہنے کے بعد میگا ایونٹ متنازع ہو رہا ہے۔

پاک آسٹریلیا ٹی 20 سیریز: سب سے سستا اور مہنگا ٹکٹ کتنے کا ہے؟

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں