دبئی: آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کر دی، پاکستان کے آل راؤنڈر صائم ایوب دوبارہ ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔
پاکستان کے اوپنر آل راؤنڈر صائم ایوب آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کے باعث مینز ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر رینکنگ میں ایک بار پھر پہلے نمبر پر براجمان ہوگئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق پاکستانی آل راؤنڈر صائم ایوب نے زمبابوے کے تجربہ کار کھلاڑی سکندر رضا کو پیچھے چھوڑ دیا۔
صائم نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 119 رنز اسکور کیے اور تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
نئی رینکنگ میں قومی ٹیم کے اسپنر ابرار احمد دو درجے بہتری کے بعد ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور وہ پہلی پوزیشن سے صرف 28 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔
محمد نواز نے بھی پانچ وکٹیں لینے کے بعد آٹھ درجے ترقی پا کر بولرز کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی ایک درجے ترقی سے چوتھی پوزیشن پر آگئے۔
صائم ایوب نے آل راؤنڈر بننے کا کریڈٹ کسے دیا؟
شاہین شاہ آفریدی بھی پانچ درجے ترقی سے انیسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، بیٹنگ رینکنگ میں صائم اور کپتان سلمان علی آغا نے نمایاں ترقی کی ہے۔
صائم آٹھ درجے ترقی سے ستائیسویں اور سلمان علی آغا بارہ درجے ترقی سے انتیسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


