کولمبو: ویمنز ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی قسمت نہ بدل سکی روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی خواتین ٹیم کو بھی 88 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
او ڈی آئی ویمنز ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرے میں ایک بار پھر سے تاریخ دہرائی گئی، پاکستان ویمنز ٹیم 248 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صرف 159 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بھارتی ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان کو مسلسل دوسری بار مات ہوئی۔
پاکستان کی طرف سے سدرہ امین نے 81 رنزکی شانداراننگز کھیلی جو کہ رائیگاں گئی جبکہ پاکستان ویمنز ٹیم کی 8 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکیں۔
بھارت کی طرف سے کرانتی گاؤڈ نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 20 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، دیپتی شرما نے بھی 3 پاکستانی ویمنز بیٹر کو پویلین کی راہ دکھائی، اسنیہا رانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دیا۔
آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کا سب سے ہائی وولٹیج میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ بھارت کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 247 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ بھارت کی جانب سے ہرلین ڈیول 46 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر ریچا گھوش نے ناقابل شکست 35 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ جمیما 32 اور پراتیکا راول 31 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ سب سے کامیاب بولر رہیں۔ انہوں نے 69 رنز دے کر 4 بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان فاطمہ ثنا نے 38 اور سعدیہ اقبال نے 47 رنز کے عوض دو، 2 وکٹیں اڑائیں۔ رامین شمیم اور نشرا سندھو نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔
بھارتی اننگ کے دوران 34 اوور کا کھیل مکمل ہونے پر میچ کو کچھ دیر کے لیے اس وقت روکنا پڑا جب مچھروں نے اسٹیڈیم میں یلغار کر دی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 11 مقابلے ہوئے ہیں اور تمام میچز میں بھارتی ٹیم فاتح رہی ہے۔ تاہم پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا اس بار بھارت کو شکست دے کر تاریخ بنانے عزم رکھتی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


