میڈرڈ: اسپین میں 9 سالہ بچی کو آئس کریم کھانے سے الرجک ری ایکشن ہوا جس کے باعث وہ ہلاک ہوگئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حبیبہ چشتی نامی برطانوی طالبہ چھٹیاں منانے کے لیے فیملی کے ہمراہ اسپین گئی جہاں اسے موت نے گلے لگا دیا۔ بچی کو الرجی کی بیماری لاحق تھی اور آئس کریم کھانے سے اسے الرجک ری ایکشن ہوا جو اس کی موت کی وجہ بن گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ فروری 2019 میں پیش آیا تھا لیکن گزشتہ روز عدالت میں تحقیقاتی رپورٹ میں حقائق سامنے آئے، حبیبہ کا تعلق برطانیہ کے علاقے ویسٹ یارک شایئر سے تھا جبکہ وہ اپنے والدین کے ساتھ اسپین کے علاقے کوسٹا ڈیل میں چھٹیاں منا رہی تھی کہ اس دوران اس نے ایک دکان سے آئس کریم خریدی۔
کمسن بچی کو خشک میوہ جات اور انڈوں سے الرجی تھی، والد نے دکان دار سے سختی سے پوچھا کہ اس آئس کریم میں کوئی ایسی اشیا تو نہیں جس سے اسے نقصان پہنچے؟۔
شاپ کیپر کی یقین دہانی پر اس نے آئس کریم خرید لی لیکن بدقسمتی سے بچی نے جیسے ہی چھکا تو حالت بگڑ گئی اور اچانک زمین پر گرپڑی، بعد ازاں اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال میں بچی کی موت کی وجہ ‘اناپھیلاسٹک’ نامی بیماری بنی جو عموماً الرجک ری ایکشن کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہے، جبکہ حبیبہ کے دماغ میں سوجن بھی پڑنا شروع ہوگئی تھی۔