واشنگٹن : امریکہ میں سائیکلو سپورین نامی بیماری کے پھیلاؤ کے باعث، ایف ڈی اے اور سی ڈی سی نے درآمد شدہ بند گوبھی کے پتوں (آئس برگ لیٹش) سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے انکشاف کیا ہے کہ ٹیلر فارمز کی فراہم کردہ کٹی ہوئی بند گوبھی کے پتوں (آئس برگ لیٹش) کے ایک نمونے میں سائیکلوسپورا نامی خطرناک جرثومہ پایا گیا ہے۔
یہ جرثومہ معدے کی بیماری (سائیکلو پوریئسسز) کا سبب بنتا ہے جس سے امریکا میں اب تک ہزاروں افراد متاثر ہوچکے ہیں، یہ انفیکشن پانی یا خوراک میں اس طفیلیے کے آلودہ ہونے سے پھیلتا ہے، بند گوبھی کا استعمال زیادہ تر برگرز، سینڈوچز اور بطور سلاد بھی کیا جاتا ہے۔
ایف ڈی اے کے مطابق متاثرہ نمونہ تحقیقات کے دوران ٹیلر فارمز سے خصوصی نگرانی کے تحت حاصل کیا گیا تھا اور جس کے بیچ میں جرثومہ پایا گیا، اسے فوری طور پر روک لیا گیا ہے تاکہ اس کی مزید سپلائی نہ ہوسکے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ متاثرہ لیٹش کا یہ نمونہ ٹیلر فارمز کی موجودہ ریکال کا حصہ نہیں، تاہم کمپنی اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس بیچ کی کوئی بھی مصنوعات اب بھی مارکیٹ یا صارفین کے گھروں میں موجود ہیں یا نہیں۔
اس سے قبل ٹیلر فارمز نے ان لیٹش مصنوعات کی فہرست جاری کی تھی جنہیں ممکنہ آلودگی کے خدشے کے پیش نظر رضاکارانہ طور پر واپس منگوا لیا گیا ہے، تاہم اس معاملے پر کمپنی کی جانب سے فوری طور پر کوئی مزید بیان جاری نہیں کیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق سائیکلوسپورا سے ہونے والی بیماری سائیکلوسپوریاسس کا تعلق ان کٹی ہوئی آئس برگ لیٹش سے جوڑا گیا ہے جو مختلف امریکی ریاستوں کے ریستورانوں میں استعمال کی گئی تھیں۔
اس وبا کے پھیلاؤ کے نتیجے میں اب تک تقریباً 100 افراد اسپتال میں داخل ہوچکے ہیں، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اب تک اس بیماری سے کسی مریض کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر ان کے پاس مشتبہ لیٹش موجود ہو تو اسے استعمال کرنے سے گریز کریں اور مزید ہدایات پر عمل کریں۔


