کراچی : حیدری تھانے کی حدود سے ملنے والے انسانی سر کی شناخت ہوگئی، مقتول محمد یوسف تندور پر مزدوری کرتا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حیدری سے ملنے والا سر نارتھ ناظم آباد سے برآمد ہونے والی لاش کا نکلا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت 35 سالہ محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے، قتل کے بعد سر اور دھڑ کو الگ الگ مقامات پر پھینکا گیا تھا۔
مقتول یوسف نارتھ ناظم آباد کے کوارٹر میں 4 دیگر افراد کے ہمراہ رہتا اور ایک تندور پر مزدوری کرتا تھا۔
مقتول کے اہل خانہ سے رابطہ ہوگیا ہے، لاش اور سر کی شناخت مقتول کے بھائی جنت گل نے کی، مقتول کا تعلق مانسہرہ سے تھا وہ ایک سال قبل کراچی آیا تھا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
نارتھ ناظم آباد بلاک ایل کے قریب ندی سے سر کٹی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا ہے کہ مددگار پولیس کو کالر نے اطلاع دی کہ ندی کے قریب لاش پڑی ہے، پولیس نے پہنچ کردیکھا توسر کٹی لاش ندی سے برآمد ہوئی۔
مقدمے کے متن کے مطابق نامعلوم ملزمان قتل کرنے کے بعد لاش کا سر ساتھ لے گئے، لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو چھیپا سرد خانے میں امانتاً رکھا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


