(5 اکتوبر 2025): ایک شخص نے 25 کروڑ روپے کا انعام جیتا لیکن اس کے بعد ایسا ہوا کہ اس کی شناخت ہی معمہ بن گئی ہے۔
کروڑوں کی لاٹری جیتنا اکثر لوگوں کا خواب ہوتا ہے، مگر ایک شخص 25 کروڑ روپے جیتنے کے بعد اب تک منظر عام پر نہیں آیا ہے، جس کے باعث یہ بات معمہ بن چکی ہے کہ وہ کون ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ تھروونم بمپر لاٹری میں ٹکٹ (TH 577825)پر 25 کروڑ روپے کا انعام لگا۔ مگر اعلان ہونے کے باوجود یہ پرکشش انعامی رقم جیتنے والا شخص سامنے نہیں آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ ٹکٹ ایرنا کولم، نیٹور کے ایک لاٹری ایجنٹ ایم ٹی لتیش نے فروخت کیا تھا۔ اس لیے کہا جا رہا ہے کہ خوش قسمت شخص کا تعلق بھی نیٹور کے علاقہ سے ہے۔ تاہم وہ کون ہے، یہ شناخت اب تک ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ ٹکٹ قرعہ اندازی سے صرف ایک دن پہلے ہی فروخت کیا گیا تھا تاہم لاٹری ایجنٹ کا کہنا ہے فاتح شخص علاقے کا ہی کوئی فرد ہو سکتا ہے، تاہم وہ یہ نہیں جانتا کہ کس نے یہ ٹکٹ خریدا تھا۔ کچھ خریدار ہر بار ایک ساتھ 10 سے 20 ٹکٹ تک بھی خریدتے ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ لتیش کی جانب سے بیچے گئے ٹکٹوں میں رواں برس دوسری بار 25 کروڑ کا بمپر انعام لگا ہے۔ اور بمپر پرائز والا ٹکٹ بیچنے والے کو 3 کروڑ روپے کمیشن ملتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


