لندن:افریقی نژاد برطانوی ہالی وڈ اداکار ادریس اکونا ایلبا نے خود سے 17 برس کم عمر اداکارہ اور سابق حسینہ 29 سالہ سیبرینا ڈھورے سے شادی کرلی۔خیال رہے کہ 46 سالہ ادریس ایلبا کی یہ تیسری شادی ہے، اس سے قبل ان کی پہلی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئی تھیں۔
ادریس ایلبا کے والدین کا تعلق افریقی ملک گھانا سے تھا جو بعد ازاں برطانیہ منتقل ہوئے، جہاں ادریس ایلبا کی پیدائش ہوئی۔ادریس ایلبا نے پہلی شادی 1999 میں ہانی کم نامی خاتون سے کی جو 2003 میں طلاق پر ختم ہوئی اور انہیں ان سے ایک بیٹی بھی ہوئی۔
پہلی شادی کی ناکامی کے بعد ادریس ایلبا نے دوسری شادی سونیا نکولے ہیملن سے 2006 میں کی جو محض 4 ماہ تک جاری رہی ۔پہلی دونوں شادیوں کی ناکامی کے بعد ادریس ایلبا نے برطانوی میک اپ آرٹسٹ نیانا گارتھ سے تعلقات استوار کرلیے اور انہیں ان سے 2014 میں ایک بیٹا بھی ہوا، تاہم بعد ازاں دونوں الگ ہوگئے۔
ادریس ایلبا نے تیسری شادی افریقی نڑاد کینیڈین نڑاد ماڈل و سابق حسینہ 29 سالہ سیبرینا ڈھورے سے مراکش میں شادی کی ہے ، شادی کو سادگی سے انجام دیا گیا اور انتہائی محدود مہمانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
فیشن میگزین ’ووگ‘ کے مطابق ادریس ایلبا اور سیبرینا ڈھورے نے مراکش میں خاموشی سے شادی کی اور دونوں نے معاہدے کے تحت شادی کی تصاویر کے حقوق فیشن میگزین کو دیئے۔