کابل: افغانستان کے دار الحکومت میں بم حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا، حملہ کابل کے مصروف ترین علاقے میں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کا دار الحکومت کابل ایک بار پھر دہشت گردوں کا نشانہ بن گیا، کابل کے مصروف ترین علاقے کوٹ سنگی میں بم حملے میں ایک فرد ہلاک جب کہ 1 زخمی ہو گیا۔
افغان خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے ہفتے کی صبح دھماکے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے تاہم واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔
اس سے قبل رواں برس 15 جنوری کو بھی افغان دار الحکومت کابل میں ایک قلعہ بند غیر ملکی کمپاؤنڈ کے قریب کار بم حملے میں 4 افراد ہلاک جب کہ 44 زخمی ہو ئے تھے۔
خیال رہے کہ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ طالبان کے ساتھ سترہ سالہ جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں تیزی آ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کار بم حملے میں زخمی ہونے والوں میں دس بچے بھی شامل تھے، دھماکا اتنا زوردار تھا کہ قریب موجود رہائشی علاقے کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کابل: امریکی فضائی حملہ، ملا عبدالمنان سمیت 29 طالبان ہلاک
دہشت گردوں کا نشانہ بننے والے انتہائی محفوظ کمپاؤنڈ میں اقوام متحدہ کا عملہ رہائش پذیر تھا تاہم وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق علاقہ اب خالی کیا جا چکا ہے اور وہاں صرف چند گارڈز ہی موجود تھے۔
یاد رہے کہ 21 نومبر کو بھی افغانستان کا دار الحکومت کابل بڑے دہشت گرد حملے کا نشانہ بنا تھا، جس میں 50 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔