اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا ہے کہ قبائلی اپنےعوامی نمائندوں کو تاریخ میں پہلی دفعہ منتخب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے لیے آج تاریخ ساز دن ہے، قبائلی اپنےعوامی نمائندوں کوتاریخ میں پہلی دفعہ منتخب کریں گے۔
افتخار درانی نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات کی عوام کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، عوام حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنےامیدواروں کے لیے ووٹ کریں۔
قبائلی علاقوں میں پہلے تاریخ سازانتخابات کے لیے پولنگ جاری
واضح رہے کہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں ضم کیے گئے قبائلی علاقوں میں پہلے تاریخ سازانتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، عوام پہلی بار ووٹ کا حق استعمال کر رہے ہیں۔
ضلع باجوڑ میں صوبائی اسمبلی کی تین، ضلع مہمند میں دو، ضلع خیبر میں تین، ضلع کرم میں دو اور ضلع اورکزئی میں ایک صوبائی نشست کے لیے ووٹ کاسٹ کیے جا رہے ہیں۔
شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دو نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے اور اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سابق فرنٹیر ریجن میں ایک صوبائی نشست رکھی گئی ہے۔
اٹھائیس لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، دو خواتین سمیت دوسو پچاسی امیدوار میدان سیاست میں مدمقابل ہیں۔