کرائسٹ چرچ: سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں کیویز نے باآسانی شاہینوں کا شکار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست پر قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد نے اعتراف کیا کہا پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف بُرا کھیلا۔
میچ میں شکست پر انہوں نے کہا کہ جب ہم بیٹنگ کر رہے تھے تو اس وقت گیند پھنس کر آرہی تھی اور اسپن بھی ہو رہا تھا لیکن پروفیشنل کرکٹر کی حیثیت سے ہمیں کوئی معذرت پیش نہیں کرنی چاہیے۔
افتخار احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے سہ فریقی سیریز کے گذشتہ دو میچز میں معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم آج کے میچ میں غلطیاں ہوئیں، ہم مل بیٹھیں گے اور اس سے اچھا کرنے کا پلان کریں گے، کیونکہ ہماری ٹیم اس سے اچھا کر سکتی ہے، آئندہ میچز میں بہتر کھیلیں گے اور جیتیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ سے شکست، قومی ٹیم نے 8 سالہ پرانی تاریخ دہرادی
قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر کا کہنا تھا کہ ہم زیادہ سے زیادہ باؤنڈریز ماریں گے تاکہ ہمارا ٹوٹل زیادہ ہو کیونکہ ہمارے پاس نمبر ون بولنگ ہے اس لیے ہم ٹوٹل کا دفاع کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ آج نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے فتح سمیٹی تھی۔
قومی ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے، افتخار احمد 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، آصف علی 25 اور کپتان بابراعظم 21 رنز بناسکے۔
جواب میں نیوزی لینڈ نے فن ایلن کے 62 اور ڈیون کانوے کے 49 رنز کے باعث مطلوبہ ہدف 16.1 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔