پشاور : آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو کافی حد تک ٹریس کرلیا ہے، دہشت گرد جس علاقے سے آئے تھے وہاں بھی پہنچ جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے کے لیے تین دہشت گرد آئے تھے، جنہیں ایف سی نے فوری رسپانس کرتے ہوئے مار دیا۔
آئی جی کے پی کا کہنا تھا کہ حملہ آور افغان شہری تھے اور تحقیقات میں کافی پیشرفت ہوچکی ہے، دہشت گردوں کے فنگر پرنٹس نادرا کو بھی بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ بی ڈی ایس کی لی گئی تصاویر پر تحقیقات جاری ہیں۔
دہشت گردوں کو کافی حدتک ٹریس کرلیا ہے دہشت گرد جس علاقے سےآئےتھےوہاں بھی پہنچ جائیں گے، پورے شہر کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے اور دہشت گردوں کو جس علاقے سے آیا تھا وہاں بھی ٹریس کیا جا رہا ہے۔
آئی جی نے بتایا کہ موٹرسائیکل تحویل میں لی گئی ہے اور تمام شواہد کی بنیاد پر واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واقعے پر سی ٹی ڈی اور اسپیشل ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور پولیس رسپانس کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا گیا ہے۔
آئی جی نے مزید کہا کہ رواں سال دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہوا ہے مگر سیکیورٹی فورسز نے انہیں پسپا کیا اور مختلف اضلاع کو جدید اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں تحفظ مزید مضبوط ہو۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


