اسلام آباد : ٹیلی نار کے یو فون میں انضمام کی منظوری دے دی گئی ، اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ ٹیلی نار کے تمام اثاثے اور واجبات یوفون کو منتقل ہو جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیلی نار پاکستان کے یوفون میں انضمام کی منظوری دے دی، جسٹس خادم حسین سومرو نے درخواست منظور کرتے ہوئے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ انضمام کے بعد ٹیلی نار پاکستان کے تمام اثاثے، حقوق، ذمہ داریاں اور واجبات یوفون کو منتقل ہو جائیں گے، جبکہ ٹیلی نار پاکستان مزید کسی قانونی کارروائی کے بغیر تحلیل شدہ تصور کی جائے گی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار عدالت کے حکم کی تصدیق شدہ نقل سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں جمع کرائیں گے، جبکہ رجسٹرار قانون کے مطابق اسکیم پر عمل درآمد کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔
عدالت نے درخواست گزار کو انضمام کی اسکیم کے نفاذ سے متعلق تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ انتظامی امور سے متعلق ایسی اسکیموں میں عدالت کا کردار نگرانی تک محدود ہوتا ہے اور عدالت صرف یہ دیکھتی ہے کہ آیا تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں یا نہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد وہ مجوزہ انضمام سے مطمئن ہے، کیونکہ یہ اسکیم عوامی مفاد کے خلاف نہیں بلکہ منصفانہ، معقول اور قانون کے مطابق ہے، اسی بنیاد پر کمپنیز ایکٹ کی متعلقہ شقوں کے تحت ٹیلی نار پاکستان کو یوفون میں ضم کرنے کی اسکیم منظور کر لی گئی۔


