اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے عیدالفطر کے چاند کے اعلان اور سیکیورٹی سے متعلق اہم ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے عید الفطر کے چاند کے اعلان اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق اہم تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے واضح کیا ہے کہ چاند کی رویت کا فیصلہ خالصتاً رویت ہلال کمیٹی کا اختیار ہے اور اسے قانون کے مطابق جلد از جلد انجام دیا جانا چاہیے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے ہدایات پر مبنی تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عید کا چاند دیکھنے کا معاملہ مکمل طور پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، رویت ہلال کمیٹی اس بات کی پابند ہے کہ موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر قانون کے مطابق چاند کا اعلان جلد از جلد کرے۔
عدالت نے چاند رات کے موقع پر مارکیٹس میں ہونے والے رش اور سیکیورٹی کے حوالے سے بھی انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا چاند کے اعلان کے بعد مارکیٹس میں امن و امان برقرار رکھنا اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام ہے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ رش والے مقامات پر معاملات کو ریگولیٹ کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی یا سیکیورٹی خطرات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
عدالت نے کیس کے میرٹس پر جائے بغیر متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عوامی تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا انتظامیہ کا بنیادی فریضہ ہے، جسے ہر صورت پورا کیا جانا چاہیے۔


