اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے اثاثوں کی تحقیقات نہ کرنے پر چئیرمین نیب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئےمعاملے پر رپورٹ طلب کر لی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدرپاکستان جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے اثاثوں کی تحقیقات نہ کرنے پر چئیرمین نیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست پر سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل کرنل انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسی عدالت نے قرار دیا تھا کہ نیب تحقیقات کر سکتا ہے، مشرف پبلک آفس ہولڈر رہ چکے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کیا ہمارا وہ فیصلہ کہیں چیلنج ہوا تھا؟ جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ وہ فیصلہ چیلنج نہیں ہوا اور اب حتمی شکل اختیار کر چکا۔
وکیل نے بتایا نیب کو شواہد بھی فراہم کئے لیکن نیب کارروائی نہیں کر رہا۔ الیکشن کمیشن میں ریکارڈ کیمطابق مشرف کا صرف ایک اکاونٹ 20 لاکھ ڈالر کا ہے۔
عدالت نے چئیرمین نیب کو نوٹس جاری کر کے رپورٹ طلب کرلی اور سماعت 14 فروری تک کیلئے ملتوی کردی۔