اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے اے آر وائی نیوز کی نشریات بحالی کے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ پیمرا کی کارروائی انصاف کی اصولوں کے خلاف ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے اے آر وائی نیوز کی نشریات بحالی کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا تحریری حکم نامہ 3 صفحات پر مشتمل ہے ، جس میں پیمراکےمجازافسرکواےآروائی نیوزکا دورہ کرکےٹائم ڈیلے میکنزم دیکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تحریری حکم نامے میں کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے پیمرا کو پیر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔
عدالت نے حکم نامے میں کہا ہے کہ شوکاز نوٹس اور پیمرا کا آرڈر نشریات معطل کرنے کا جواز نہیں دے رہے، عدالت کے سامنے یہ بات عیاں ہوئی کہ پیمرا کی کارروائی جلدی میں کی گئی۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پیمرا کی کارروائی انصاف کی اصولوں کے خلاف ہے، اگر ٹائم ڈیلے مکینزم انسٹال نہیں تھا اسکے باوجود نشریات کی معطلی اختیارات سے تجاوز ہے تو پیمرا کا مجاز آفیسر چینل کا وزٹ کرکے ٹائم ڈیلے میکنزم دیکھے۔
چینل میں ٹائم ڈیلےمیکنزم موجود ہے تو پیمرا لائیو ٹرانسمیشن بحال کرے، لائیو ٹرانسمیشن ٹائم ڈیلے میکنزم پر سختی سے عمل در آمد سے مشروط ہوگا۔