اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں گرفتار ڈاکٹر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ جسٹس محسن اختر نے پی ٹی وی کرپشن کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شاہد مسعود کی درخواست ضمانت خارج کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے 20 دسمبر کو پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹرشاہد مسعود کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
ڈاکٹر شاہد مسعود کو گزشتہ ماہ 23 نومبر کو درخواست ضمانت خارج کیے جانے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے مطابق ڈاکٹرشاہد مسعود پر مبینہ طور پر 3 کروڑ 80 لاکھ کی بدعنوانی کا الزام ہے۔
سپریم کورٹ نے شاہد مسعود پر 3ماہ کے لیے پروگرام کرنے پر پابندی عائد کردی
یاد رہے کہ شاہد مسعود نے زینب قتل کیس میں بھی مجرم عمران کے بیرون ملک اکاؤنٹس کا دعویٰ کیا تھا جس پر چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیا تھا تاہم وہ اپنا دعویٰ درست ثابت نہیں کرسکے تھے جس پر انہوں نے عدالت سے معافی مانگی تھی اور عدالت نے ان کے پروگرام پر 3 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔