اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی 9 حلقوں میں الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے مخصوص استعفوں کو منظور کرنے کے اسپیکر کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت عدالت نے پی ٹی آئی کی 9 حلقوں میں الیکشن روکنے کی درخواست خارج کردی۔
چیف جسٹس ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے عدالت اسپیکر کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرسکتی۔
جسٹس اطہر من اللہ کا مزید کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کا طریقہ کار موجود ہے، عدالت اسپیکر کو استعفے منظور کرنے یا نہ کرنےکا حکم نہیں دے سکتی۔
گذشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کے9 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کی تھی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے 9 اراکین کے استعفے منظور ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے ان حلقوں میں 25 ستمبر کو ضمنی الیکشن کرانے کا شیڈول جاری کیاتھا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے تمام حلقوں سے خود الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جس میں تمام حلقوں نے ان کے کاغذات منظور کرلیے گئے ہیں۔