اسلام آباد : منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر عبوری ضمانت بحال کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے اربوں روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں مطلوب ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت بحال کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
ڈاکٹر فضیلہ عباسی اپنے وکیل، معروف قانون دان نعیم بخاری کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئیں۔
سماعت کے دوران نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ اس سے قبل تین بار ٹرائل کورٹ میں پیش ہو چکی ہیں، تاہم ایک بار عدم پیشی پر انہوں نے تین روز کا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرایا تھا، جسے قبول کرنے کے بجائے عدالت نے ان کی ضمانت خارج کر دی تھی۔
IHC restores Dr Fazeela Abbasi’s interim bail in money laundering case
اسلام آباد ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت بحال کر دی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ دوبارہ ٹرائل کورٹ سے رجوع کریں۔
عدالت نے رجسٹرا آفس کو کیس کی سماعت کے لیے مقرر کرنے اور مچلکوں کے عوض گرفتاری سے روکنے کا حکم جاری کیا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی وفاقی تحقیقاتی ادارے کو منی لانڈرنگ کے ایک ہائی پروفائل کیس میں مطلوب ہیں، جس میں ان پر بیرونِ ملک بھاری رقوم منتقل کرنے کے الزامات ہیں۔ ٹرائل کورٹ کی جانب سے ضمانت منسوخی کے بعد انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جہاں سے انہیں اب عارضی ریلیف مل گیا ہے۔


