(15 جنوری 2026): اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے کو درختوں کی کٹائی سے روک دیا۔عدالت نے سی ڈی اے درختوں کی کٹائی سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے محمد نوید احمد کی درخواست پر سماعت کی درخواست گزار کی جانب سے مدثر لطیف عباسی ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا اسلام آباد کی حدود میں قواعد و ضوابط کے خلاف درختوں کی کٹائی کا عمل جاری ہے، درختوں کی کٹائی سے ماحولیاتی تبدیلیاں بھی ہو رہی ہے جو خطرناک ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، عدالت نے کمرہ عدالت موجود اسسٹنٹ اٹارنی جنرل روسٹرم پر طلب کیا۔
عدالت نےاسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے استفسار کیا آپ کیوں درخت کاٹ رہے ہیں، عدالت نے آئندہ سماعت تک سی ڈی اے کو درختوں کی کٹائی سے روک دیا۔
عدالت کی جانب سے سی ڈی اے، پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی اور وزارت ماحولیاتی تبدیلی کو نوٹس جاری کئے گئے۔عدالت نے کہا آئندہ سماعت پر ہیراوائز جواب اور تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے، عدالت نے کیس کی سماعت 2 فروری تک کیلئے ملتوی کردی۔


