اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی عدالتوں اور ٹریبونلز کے ملازمین کے الاؤنسز روکنے کے احکامات معطل کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی عدالتوں اور ٹریبونلز کے ملازمین کے جوڈیشل اور یوٹیلٹی الاؤنسز روکنے سے متعلق اکاؤنٹنٹ جنرل آفس اور وزارت خزانہ کے احکامات معطل کر دیے ہیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے اس سلسلے میں دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ 5 اور 15 ستمبر 2025 کے احکامات معطل کیے گئے ہیں، جبکہ وفاقی حکومت اور وزارت خزانہ کو جواب کے لیے نوٹس جاری کیے گئے ہیں ساتھ ہی کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان کو بھی نوٹس دیا گیا ہے۔
عدالت نے فریقین کو ہدایت دی ہے کہ وہ دو ہفتوں میں اپنے پیرائے اور کمنٹس جمع کروائیں۔
درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل محمد آصف گجر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ خصوصی عدالتوں اور ٹریبونلز کے ملازمین کے الاؤنسز روک دیے گئے ہیں۔
وکیل کے مطابق اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کے آرڈر کے خلاف، عدالت آنے والے ملازمین کو الاؤنسز کی ادائیگی جاری رکھی گئی، جبکہ عدالت سے رجوع نہ کرنے والے ملازمین کے جوڈیشل اور یوٹیلٹی الاؤنسز روک دیے گئے۔
حکم نامے میں مزید بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے ملتان اور بہاولپور بینچز نے پہلے ہی اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کے احکامات معطل کر رکھے ہیں تاہم کیس کی سماعت 9 فروری کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کسٹم ایپلٹ ٹریبونل کے ملازمین محمد سفیان اور دیگر نے بھی الاؤنسز کے حصول کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہوا ہے۔


