اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں وزیر اعظم اور کابینہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا انتباہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عافیہ صدیقی سےمتعلق کیس کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ، جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے وکیل عمران شفیق اور وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشدحفیظ اور دیگرعدالت میں پیش ہوئے۔
اسلام آبادہائیکورٹ نے وفاق کی جانب سے پھر رپورٹ پیش نہ کرنے پر اظہاربرہمی کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے معاملے پر معاونت سے انکار کی وجوہات پررپورٹ مانگی تھی۔
جسٹس اعجازاسحاق خان نے ریمارکس دیئے وفاق کی رپورٹ پیش نہیں کی گئی توپوری کابینہ کو بلاؤں گا، کیوں نہ وفاقی کابینہ کے وزرا کیخلاف توہین عدالت کارروائی کی جائے؟ عدالت صرف کابینہ نہیں وزیراعظم کیخلاف بھی توہین عدالت کارروائی کرے گی۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق کا کہنا تھا کہ جون میں عدالت نے جواب مانگا تھا مگر کوئی رپورٹ نہیں آئی، 3 روز دے رہا ہوں رپورٹ پیش کی جائے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی اگلے ہفتے کی مہلت دے دیں توجسٹس اعجاز اسحاق نے کہا کہ اگلے ہفتے سے میری سالانہ چھٹیاں ہوں گی۔
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی آئندہ ہفتےتک کیلئے مہلت کی استدعا منظور کرلی اور سماعت 21 جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


