کراچی: شہر قائد میں ماحولیاتی ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے پلاسٹک جلانے والی 2 غیر قانونی فیکٹریاں بند کرا دی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مشیر ماحولیات مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر سندھ ای پی اے (انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی) نے کراچی کے علاقوں بن قاسم ٹاؤن اور محمود گوٹھ ملیر میں پلاسٹک جلانے کی دو غیر قانونی فیکٹریاں سیل کر دیں۔
پہلی کارروائی بن قاسم ٹاون کی کیٹل کالونی میں پلاسٹک پگھلانے کی فیکٹری پر کی گئی، فیکٹری میں 2 ٹن پلاسٹک کے مواد کا کچرا جلنے سے اطراف میں فضائی آلودگی پھیل رہی تھی۔
دوسری کارروائی محمود گوٹھ ملیر میں جانوروں کے خون سے مچھلی اور مرغیوں کی غذا بنانے والی فیکٹری پر کی گئی، فیکٹری میں پلاسٹک کا کچرا بطور ایندھن جلایا جا رہا تھا۔
دونوں فیکٹریاں سندھ کے قانون برائے تحفظ ماحول کی دفعہ 11 اور 14 کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئیں۔
کارروائی کرنے والی ٹیم کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر وارث گبول نے کی، ای پی اے کا کہنا ہے پلاسٹک جلانے سے اطراف میں فضائی آلودگی پھیلنے کے باعث لوگ سانس کی بیماریوں کا شکار ہو رہے تھے۔