پیر, ستمبر 7, 2026
اشتہار

غیر قانونی فارن ایکسچینج ٹریڈنگ ، اربوں ایرانی ریال سمیت ہزاروں امریکی ڈالر برآمد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: غیر قانونی فارن ایکسچینج ٹریڈنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے 23,107 امریکی ڈالر، 45,000 سعودی ریال، 1 ارب 11 کروڑ 60 لاکھ ایرانی ریال اور 33 لاکھ 10 ہزار پاکستانی روپے برآمد کرلئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمرشل بینکس سرکل کراچی نے شہر میں اہم کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی فارن ایکسچینج (ہنڈی حوالہ) کے کاروبار میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزم سید عاطف عباس زیدی غیر قانونی طور پر امریکی ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسیوں کی خرید و فروخت میں ملوث تھا، جس نے ابتدائی تفتیش اور پوچھ گچھ کے دوران غیر قانونی فارن کرنسی ٹریڈنگ کا باقاعدہ اعتراف بھی کر لیا ہے۔

چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 23,107 امریکی ڈالر، 45,000 سعودی ریال، 1 ارب 11 کروڑ 60 لاکھ ایرانی ریال اور 33 لاکھ 10 ہزار پاکستانی روپے برآمد کیے گئے۔

اس کے علاوہ دو عدد پرائز بانڈز، پانچ مہریں، ایم سی بی اور میزان بینک کے دو چیک، چار عدد آئی فونز اور غیر قانونی لین دین کی تفصیلات پر مشتمل ایک رجسٹر بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ تمام غیر ملکی و ملکی کرنسی، موبائل فونز اور دیگر ثبوت و شواہد قبضے میں لے کر ملزم کو ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید باریک بینی سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں